خواتین کے خلاف سخت پالیسیاں، امریکا نے طالبان پر نئی ویزا پابندیاں عائد کر دیں

180

طالبان کا خواتین کو جامعات جانے کی اجازت نہ دینا اور این جی اوز کو کام سے روکنے کے فیصلے ان پابندیوں میں شامل ہیں-

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے افغانستان میں خواتین کے لیے ملازمت اور تعلیم کی سخت پالیسیوں کے جواب میں طالبان پر نئی ویزا پابندیاں عائد کر دیں۔

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ طالبان کے موجودہ یا سابق ارکان، غیر ریاستی سکیورٹی گروپوں کے ارکان اور دیگر افراد پر ویزا کی پابندیاں عائد کر رہے ہیں ، یہ پابندیاں ان افراد پر لگائی گئی ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق سلب کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے خواتین پر لگائی جانے والی اِن پابندیوں میں جامعات جانے کی اجازت نہ دینا اور این جی اوز کے ساتھ کام سے روکنے کے فیصلے شامل ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ طالبان پر واضح ہو سکے کہ انہیں اپنے اقدامات کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔