اصفہان حملے کا ذمہ دار اسرائیل ہے، جواب دیں گے۔ ایران

267

ایران نے وسطی شہر اصفہان کے قریب ایک ملٹری فیکٹری پر ڈرون حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے۔

ایران کی نیوز ایجنسی نے جمعرات کو رپورٹ کیا کہ ایران نے ایک طویل خفیہ جنگ کی تازہ ترین قسط کے بعد جوابی کارروائی کرنے کا عزم کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے ایلچی امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ایران کی طرف سے کی گئی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہفتے کی رات کے حملے کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔

اس حوالے سے ایران جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ جواب کا وقت اور طریقہ جو ضروری محسوس ہوا اختیار کیا جائے گا۔ اسرائیل کا یہ عمل بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

یاد رہے یہ حملہ ایران کی مغرب کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوا ہے۔ ایران میں حکومت کے خلاف مظاہرے وسط ستمبر سے جاری ہیں۔

دوسری طرف یوکرین کیخلاف جنگ میں ایران کی جانب سے روس کو ڈرونز کی فراہمی پر بھی مغرب تہران کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔

اسرائیل نے طویل عرصے سے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی دے رکھی ہے۔