بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ لاپتا افراد کا ہے ۔ مشیر داخلہ بلوچستان

243

مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے لاپتا افراد کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کو درپیش سب سے بڑا اور مشکل مسئلہ لاپتا افراد کا ہے۔ لاپتا افراد کا مسئلہ حساس ہے اور اس کو ہر پہلو سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت لاپتا افراد کے مسئلے پر اقدام کر رہی ہے۔

مشیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ حکومتی سطح پر سب سے بڑا اور اہم فورم جوڈیشل کمیشن ہے، جو تشکیل دیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت پر امید ہے کہ لاپتا افراد کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاپتا افراد کے لواحقین کی ڈیمانڈ پر جوڈیشل کمیشن کو بنایا گیا۔ جس کیلئے بلوچستان حکومت مزید اقدامات اٹھا رہی ہے کہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔

ضیا لانگو نے دعویٰ کیا کہ لاپتا افراد کی تلاش کیلئے روز اول سے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کا قیام صوبائی حکومت کے اقداموں میں سے ایک اقدام ہے۔ موجودہ حکومت کا اولین مقصد عوامی مسائل کا فوری حل ہے، جب کہ شہریوں کی جان مال کے تحفظ اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے بھی ہم ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

مشیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے سیاسی مسائل بھی ہیں اور معاشی بھی، یہ دونوں ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔