کولمبیا؛ سابق جنگجو رہنما نیا صدر منتخب

239

کولمبیا میں رائے دہندگان نے بائیں بازو کے نظریات کے حامل سابق جنگجو رہنما گستاو پیٹرو کو اپنا نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ وہ ایک سابق باغی جنگجو ہیں، جنہوں نے اپنی انتخابی مہم میں سماجی اور اقتصادی تبدیلیوں کا وعدہ کیا تھا۔

لاطینی امریکی ملک کولمبیا کے صدارتی انتخابات کے دوسرے راؤنڈ کے لیے پولنگ کا آغاز اتوار کو ہوا تھا، جس کے نتائج اب واضح ہو چکے ہیں اور اس میں سابق باغی جنگجو رہنما پیٹرو گستاؤ نے اپنے حریف امیدار روڈلفو ہرنینڈیز کو شکست دے دی ہے۔

77 سالہ ہرنینڈیز ایک تاجر ہیں، جنہوں نے فیس بک اور ٹک ٹاک پر اپنی انتخابی مہم چلا کر سیاسی سطح پر کافی شہرت حاصل کی، تاہم وہ انتخابات نہ جیت سکے۔ حالیہ برسوں میں ملک میں جتنے بھی صدارتی انتخابات ہوئے ہیں ان میں سے پیٹرو اور ہرنینڈز کے درمیان کا یہ مقابلہ سخت ترین تھا۔

سابق جنگجو رہنما گستاؤ کو رن آف ووٹنگ میں 50.4 فیصد ووٹ حاصل ہوئے، جب کہ ان کے حریف روڈلفو ہرنینڈیز کو 47.3 فیصد ووٹ ملے۔ مجموعی طور پر گستاؤ پیٹرو کو اپنے حریف امیدار کے مقابلے میں تقریبا ًسات لاکھ ووٹ زیادہ حاصل ہوئے۔ 

اپنی کامیابی کے بعد بایاں محاذ سے تعلق رکھنے والے رہنما نے دارالحکومت بوگوٹا میں اپنے حامیوں سے خطاب میں کہا، ” آج کولمبیا تبدیل ہو رہا ہے، ایک ایسی حقیقی تبدیلی جو ہمارے مقصد کی جانب رہنمائی کرتی ہے: ایک محبت اور افہام و تفہیم اور مکالمے کی سیاست۔”

ان کے مخالف امیدوار ہرنینڈیز نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ میں شکست تسلیم کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا، ”کولمبیا کے باشندوں اور شہریوں کی اکثریت نے دوسرے امیدوار کا انتخاب کیا ہے۔ جیسا کہ مہم کے دوران میں نے کہا تھا، میں اس انتخاب کے نتائج کو قبول کرتا ہوں۔