ایران: ٹرین پٹری سے اتر گئی، 17 افراد ہلاک

911

ایران میں مسافر ٹرین پٹری سے اترنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور  متعدد زخمی ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق  مشرقی ایران میں آج صبح ایک مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کا شکار ٹرین ایران کے شہر مشہد سے یزد جا رہی تھی کہ اس کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

جائے حادثہ پر امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ ایمبولینس اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تین ہیلی کاپٹر دور دراز علاقے میں حادثے کی جگہ پر پہنچ چکے ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین میں 348 مسافر سوار تھے۔

غیرملکی میڈیاکے مطابق ابتدائی  رپورٹ کے مطابق حادثہ  ٹرین کے کرین کے ساتھ ٹکرانے کے سبب پیش آیا۔ مزیدتحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

ایران میں تقریبا 14 14،000 کلومیٹر (8،700 میل) ریلوے لائنیں ہیں۔ 2004 میں بھی ایران میں خوفناک ٹرین حادثہ پیش آیا تھا۔ جب پٹرول، کھاد، گندھک اور کپاس سے لدی ٹرین نیشاپور کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، جس میں تقریبا 320 افراد ہلاک اور 460  زخمی ہوئے تھے ۔