سبی: بارودی سرنگ کا دھماکہ، 4 فورسز اہلکار ہلاک

764

بلوچستان کے ضلع سبی میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور کے چار اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق فرنٹیئر کور اہلکاروں کو سبی کے علاقے سانگان میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ دھماکے میں زخمی اہلکاروں کی بھی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

خیال رہے دو روز قبل بھی اسی علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے کی زد میں آنے سے ٹریکٹر پر سوار دو افراد زخمی ہوئے تھے۔

قبل ازیں رواں مہینے کی آٹھ تاریخ کو سبی شہر میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے دورے کے موقع پر ایک دھماکے کے نتیجے میں پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور اور پولیس کے سات اہلکار ہلاک اور پولیس اہلکاروں سمیت 25 سے زائد زخمی ہوگئے تھے اس حملے کی ذمہ داری عالمی مذہبی دہشت گرد تنظیم داعش خراسان نے قبول کی ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ ایک خودکش حملہ تھا جبکہ خودکش حملہ آور کی شناخت عبدالرحمان الپاکستانی کے نام سے ہوئی ہے۔

دریں اثناء ضلع قلات کے انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے قلات کے علاقے جوہان سے پانچ کلو وزنی بارودی سرنگ برآمد کرکے ناکارہ بنادیا ہے-

انتظامیہ کا کہنا تھا بارودی سرنگ کو لنک روڈ کے کنارے نصب کیا گیا تھا جو ریموٹ کنٹرول تھی جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے نکارہ بنا دیا ہے-

ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم پانچ کلو وزنی اینٹی ٹینک تھی جبکہ اسکے ساتھ ایک ڈیٹونیٹر اور ایک ریموٹ بھی برآمد ہوا ہے۔