جعفر آباد: پولیس کا 3 افراد کو اسلحہ و گولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعوٰی

644

جعفر آباد پولیس نے بڑی تعداد میں بارودی مواد و امریکی ساختہ اسلحہ برآمد کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے-

جعفر آباد پولیس کے مطابق جعفر آباد کے ضلعی ہیڈکواٹر ڈیرہ اللہ یار پولیس نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں امریکن ساخت کا خودکار اسلحہ ایمونیشن اور ڈیٹونیٹر سمیت دیگر مواد برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا-

ایس ایس پی جعفرآباد محمد جواد طارق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جعفرآباد پولیس نے خفیہ انٹیلیجنس اطلاع پر پولیس ٹیم کے ہمراہ تھانہ میر حسن کے علاقے دولت گھاڑی میں مطلوب ملزم ضیاد کھوسہ کے گھر پر علی الصبح چھاپہ مارا اور دوران تلاشی زیر زمین چھپایا گیا امریکی ساخت کا اسلحہ ایمونیشن اور ڈیٹونیٹر سمیت دیگر مواد برآمد کرکے موقع سے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے-

پولیس کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ میں 9 عدد امریکن ساخت مشین گن، 13500 راونڈ گولیاں، 120 میگزین، 60 عدد واکی ٹاکی، 30 عدد بنڈولیئر، 8 عدد ڈیٹونیٹر، 13 عدد اسکوپ، 4 عدد لیمپ، 8 عدد کٹ بیگز، 01 عدز چین لیدر پْل اور ایک عدد لنکرز شامل ہیں-

پولیس نے گرفتار افراد کی شناخت گل ولد عیسیٰ لاشاری ساکن مراد کالونی ڈیرہ اللہ یار، وحید مراد ولد علی دوست کھوسہ اور عبدالغفور ولد امید علی ہانبھی کے ناموں سے کی ہے جبکہ پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے جعفرآباد میں تخریب کاری کے بڑے منصوبے کا اعتراف کر لیا ہے-

ایس ایس پی محمد جواد طارق نے پولیس کی انٹیلیجنس آپریشن کا سلسلہ جاری ہے مزید اہم کارروائیاں بھی متوقع ہیں-