تربت شہر میں ایف سی کے لگائے گئے باڑ جلد ہٹانے کا فیصلہ

537

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں جمعہ کے روز آل پارٹیز کیچ کے وفد نے ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات کرکے ایف سی کی طرف سے شہر میں سڑکوں پر لگائے باڑ ہٹانے کے بارے میں اظہار خیال کیا –

جس کے بعد ڈپٹی کمشنر کیچ کے ہمراہ آل پارٹیز کیچ کے رہنماؤں نے بازار جاکر ان مقامات کا معائنہ کیا جہاں پہ باڑ لگاکر سڑکیں بند کردی گئی تھیں-

آل پارٹیز کیچ کے وفد میں ڈپٹی کنوینر غفور کٹور، بی این پی عوامی کے رہنماء ظریف زدگ بلوچ، پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماء نواب شمبے زئی، نیشنل پارٹی کے رہنماء طارق بابل، پریس سیکرٹری سراج بیبگر، بی این پی کے ضلعی رہنماء محسن بلوچ، انجمن تاجران تربت کے صدر حاجی کریم بخش، نائب صدر نثار جوسکی، اسحاق روشن دشتی، جمال مری سمیت دیگر شامل تھے۔

اس سے پہلے آل پارٹیز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سڑکوں پر لگائے باڑ نہ ہٹانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس سلسلے میں فوری طور پر ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات کا فیصلہ ہوا جس کے بعد ایک وفد نے ڈی سی کیچ حسین جان بلوچ سے ملاقات کی-

ملاقات کے بعد آل پارٹیز اور ڈپٹی کمشنر نے ان مقامات کا معائنہ کیا جہاں سیکیورٹی کے نام پر باڑ لگا کر سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کیے گئے، آل پارٹیز اور انجمن تاجران کے وفد نے پبلک روڈ کو بند کرنے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی اور تمام باڑ فوری ہٹاکر سڑکیں کھولنے کا مطالبہ کیا-

آل پارٹیز کیچ نے کہاکہ اگر راستے صاف کرکے ٹریفک بحال نہیں کیا گیا تو اس کے خلاف سخت رد عمل دکھا کر مین شاہراہ بند کردیں گے اور شہر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کریں گے-

ڈپٹی کمشنر کیچ نے آل پارٹیز کیچ کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ جمعہ کی شام تک اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم اور ڈی ایس پی ستار مگسی کو تمام باڑ ہٹانے کی ہدایت دیں گے-

انہوں نے کہا کہ جن مقامات پر باڑ لگایا جاچکا ہے وہ پبلک روڈ ہیں ان پر سرکار نے بجٹ خرچ کرکے سڑکیں تعمیر کی ہیں تاکہ لوگوں کو سہولت مل سکے ان پر باڑ لگاکر لوگوں کو مذید مشکلات کا شکار کیا جارہا ہے-

انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز اس معاملے میں مطمئن رہے ان کی شکایت کا جمعہ کی شام تک ازالہ ہوگا