دنیا کی سب سے بڑی بندر گاہ، جبل علی پورٹ میں رات گئے زور دار دھماکہ

607

دبئی کے جبل علی بندرگاہ پر کھڑے سمندری جہاز میں کنٹینر کو آگ لگ گئی، دبئی میں دنیا کی سب سے بڑی بندر گاہ پر جبل علی پورٹ میں رات گئے زور دار دھماکہ ہوا جس سے پورا دبئی ہل کر رہ گیا۔

دبئی کے میڈیا دفتر نے ایک ٹویٹ میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے سے جبل علی پورٹ پر لنگر انداز ایک جہاز پر لدے کنٹینر میں آگ لگ گئی ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ جائے حادثہ کے 25 کلو میٹر کے ارد گرد کے علاقے میں موجود عمارتیں لرز کر رہ گئیں اور کھڑکیوں کے شیشے اور دروازے ٹوٹ گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی سول ڈیفنس ٹیم نے آگ پر قابو پا لیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔ دھماکے کے باعث فی الحال کسی بھی جانی اور مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کنٹینر میں آتش گیر مواد موجود تھا لیکن تاحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

بندرگاہ کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ “اس بات کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں کہ جہازوں کی معمول کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہے”۔

سی این این کے مطابق دھماکہ اتنی شدت کا تھا کہ دور دور تک سنا اور محسوس کیا گیا جس کی وجہ سے بندرگاہ سے 15 کلو میٹر کے فاصلے پر عمارتیں لرز اٹھیں۔

مقامی وقت کے مطابق دھماکہ رات 11 بج کر 25 منٹ پر ہوا اور سوشل میڈیا پر شائع کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیٹینر سے اٹھنے والی آگ کے گولے نے آسمان کو روشن کردیا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اسے سیٹلائٹ سے بھی دیکھا گیا۔

عینی شاہد کے مطابق اس نے آسمان پر سورج کی طرح کچھ پیلا آتے دیکھا اور اس کے بعد ایک زوردار آواز سنائی دی۔