تمپ اور ناگاہو میں فوجی آپریشن جاری، ہیلی کاپٹروں کی گشت

532

بلوچستان کے ضلع کیچ اور قلات کے علاقوں میں پاکستانی فوج کی جانب سے فوجی آپریشن کی جارہی ہے۔ آپریشن میں فورسز اہلکاروں کی بڑی تعداد سمیت ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔

ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تمپ کے علاقے مزنبند اور گردنواح میں گذشتہ روز سے فوجی آپریشن کا آغاز کیا گیا جبکہ آج صبح فورسز کی مزید نفری بھی علاقے میں پہنچ چکی ہے۔

فورسز کے ہمراہ ہیلی کاپٹر بھی گشت رہے ہیں۔ حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے تاہم ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ گذشتہ روز موسک ندی میں قائم پاکستانی فوج کی چوکی پر شام کے وقت مسلح افراد نے حملہ کیا اور فرار ہوگئے۔

حملے میں فورسز اہلکار کے ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ حملے کے بعد تربت سے ہیلی کاپٹر مذکورہ مقام پہنچا۔

دریں اثناء ضلع قلات کے پہاڑی علاقے ناگاہو میں آج صبح فوجی آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔ جوہان سے ناگاہو کی جانب سے فورسز کی گاڑیوں اور موٹر سائیکل پر مشتمل قافلوں کو جاتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ دو ہیلی کاپٹروں کو بھی مذکورہ علاقوں میں دیکھا گیا۔

حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات میڈیا کو فراہم نہیں کی گئی ہے۔