کراچی: نرگس بلوچ جبری گمشدگی کا شکار

110

بلوچ خاتون نرگس بلوچ کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق نرگس بلوچ کو گزشتہ شب کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر سے تحویل میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق نرگس بلوچ اپنے شوہر معیار اور بچوں کے ہمراہ گلستانِ جوہر میں اپنے دیور کے گھر مقیم تھیں۔

اہلِ خانہ کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ رات انہیں وہاں سے زبردستی لے جایا گیا، جبکہ ان کے بارے میں تاحال سرکاری سطح پر کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ نرگس بلوچ کا نام اس سے قبل بھی خبروں میں آ چکا ہے۔ رواں سال 28 جنوری کو بعض ریاستی حمایت یافتہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ اپنے آبائی علاقے سے مبینہ طور پر مسلح افراد کے ساتھ گئی ہے۔ بعد ازاں ان کے شوہر معیار کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے مذکورہ بیانیے کی تائید کی تھی۔

تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق نرگس بلوچ اس وقت اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ کراچی میں مقیم تھیں۔ ان کی گمشدگی نے سابقہ دعووں اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔