پنجگور: فورسز کے ہاتھوں تین خواتین حراست بعد لاپتہ

420

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے پاکستانی فورسز نے دوران آپریشن تین خواتین کو جبری طور پر حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

خواتین کو حراست میں لینے کا واقعہ پنجگور کے نواحی علاقے تحصیل گچک کے مقام پر پیش آیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق گچک کے علاقے ٹوبہ میں دوران آپریشن تین خواتین کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں راج بی بی زوجہ لعل جان بنت پنڈوک، کپوت زوجہ عوض بنت در محمد اور نازل زوجہ امام بخش بنت مسافر شامل ہیں۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خواتین اور بچوں کے جبری گمشدگی کے واقعات اس سے قبل بھی رپورٹ ہوئے ہیں گذشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے کاہان میں بھی پاکستانی فوج نے دوران آپریشن میں خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا تھا جن میں تین خواتین اور تین بچے شامل تھے۔

اس کے علاوہ گذشتہ سال دسمبر کے مہینے میں پاکستانی فورسز نے گچک ہی علاقے سے دو خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا تھا۔

یاد رہے گچک میں پچھلے کئی دنوں سے بڑے پیمانے پر آپریشن کا سلسلہ جاری ہے جس میں گھروں و فصلوں کو جھلانے کے علاوہ لوگوں کو حراست میں لے کر لاپتہ کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔