بلوچ رہنماؤں ڈاکٹر اللہ نظر اور بابو قادر مری کی ثابت قدمی حوصلے کا ذریعہ ہیں – بشیر زیب بلوچ

1233

بلوچ رہنماؤں کی جہد مسلسل، ثابت قدمی اور خاندان کے افراد کی قربانیاں مشعل راہ بن کر ہماری رہنمائی کرتی رہینگی۔ ان خیالات کا اظہار بلوچ لبریشن آرمی کے سربراہ بشیر زیب بلوچ نے اتوار کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

بشیر زیب بلوچ کا کہنا ہے کہ بلوچ قومی رہنماء ڈاکٹر اللہ نظر اور بابو قادر مری کی جہد مسلسل، ثابت قدمی اور ان کے خاندان کے افراد کی قربانی بلوچ نوجوانوں کیلئے ایک تحریک اور عزم و حوصلے کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ قربانیاں نسلوں تک مشعل راہ بن کر ہماری رہنمائی کرتی رہینگی۔

خیال رہے بلوچ رہنماء نے ان خیالات کا اظہار ایک ایسے موقع پر کیا جب گذشتہ روز راغے کلان میں بلوچستان لبریشن فرنٹ کے چار جنگجو پاکستانی فوج کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے۔

بی ایل ایف ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ افراد میں شہید مسلم بلوچ، بی ایل ایف کے شہید کمانڈر سلیمان شیہک کے چھوٹے بھائی اور بی ایل ایف کے رہنماء ڈاکٹر اللہ نذر کا بھانجا ہے جبکہ شہید سکندر بلوچ ڈاکٹر اللہ نذر کا بھتیجا اور شہید لیاقت ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ کا بھانجا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ شہید شیہک اور ڈاکٹر اللہ نذر کے بھائی سفر خان بلوچ کو پاکستانی فوج نے تیس جون 2015 کو ان کے گھر پر حملہ کرکے مہمانوں اور دیگر پندرہ ساتھیوں سمیت شہید کیا۔

دوسری جانب گذشتہ روز بابو مری کے لواحقین نے کہا کہ اٹھائیس سالہ نوجوان بابو مری 21 اگست کو دوران سفر شہید ہوگئے۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ بابو مری بلوچ جہد آزادی کے ایک سرگرم رکن تھے۔ اٹھائیس سالہ بابو مری کی پیدائش 1992 میں ہلمند کے مری کیمپ میں فیضا مری کے گھر اس وقت ہوا جب فیضا مری بلوچ تحریک آزادی کے رہنماء نواب خیربخش مری کی قیادت میں ہزاروں بلوچوں کے ہمراہ افغانستان میں جلاوطن تھے۔

خیال رہے بابو مری، بلوچ آزادی پسند رہنماء قادر مری کے بھتیجے تھے۔ قادر مری گذشتہ پچاس سال سے زائد عرصے سے بلوچستان کی آزادی کے جنگ کا حصہ ہیں۔ قادر مری کا شمار مرحوم نواب خیربخش مری کے با اعتماد رفقاء میں ہوتا تھا۔

دریں اثناء بلوچ ریپبلکن آرمی کے سربراہ گلزار امام بلوچ نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بابو ماری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باشعور اور باصلاحیت نوجوان تھا، وہ ایک عظیم گھرانے سے تعلق رکھتا تھا۔