بلوچستان اور سندھ سے پولیو کے دو کیسز کی تصدیق

73

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے مطابق بلوچستان اور سندھ میں ایک ایک نیا کیس سامنے آیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ضلع پشین کی یونین کونسل بازار کونا میں 8 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ بچے کے ہاتھ پیر مفلوج ہوگئے ہیں، وہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتا ہے اور اس کے والد کسان ہیں۔

سندھ کے ضلع خیرپور کی تحصیل کنگری میں 14 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

خیال رہے کہ پولیو ایک انتہائی معتدی مرض ہے جو زیادہ تر 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو اپنا شکار بناتا ہے، یہ اعصابی نظام پر اثر انداز ہو کر معذوری بلکہ موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

پولیو کا اب تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوا البتہ ویکسینیشن بچوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کا سب سے موثر طریقہ ہے۔ ہر مرتبہ جب ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جاتے ہیں تو وائرس سے اس کی حفاظت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

دنیا میں صرف دو ممالک، پاکستان اور افغانستان ہیں جہاں سے اس وائرس کا خاتمہ نہیں ہوسکا ہے۔

پاکستان پر عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پولیو سے متعلق سفری پابندیاں بھی عائد ہیں جو بیرون ملک سفر کرنے والے ہر شہری کو ویکسی نیشن کا سرٹفکیٹ دکھانا لازمی قرار دیتا ہے۔