بلوچستان: بارش کا نیا سلسلہ، مختلف علاقوں میں برفباری کا امکان

1059
File Photo

 کوئٹہ میں بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہوگیا ہے۔  آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔ پیر سے بلوچستان میں گہرے بادلوں کے ساتھ کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہو گیا ہے۔

کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش سے سردی کی شدت کم ہوگئی ہے۔ قلات منفی 5، کوئٹہ منفی3، ژوب منفی 1 اور دالبندین میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں بارش نے مختلف علاقوں میں پڑی برف صاف کردی ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کا پریشر بھی بہتر بنایا جائے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، قلعہ عبد اللہ، پشین، نوشکی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، چاغی چمن میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ دیگر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔