بلوچستان: مختلف علاقوں میں بارش و برف باری

196

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں برف باری اور بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

بعض علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور متعدد علاقوں میں کئی گھنٹوں تک بجلی غائب رہی۔

برف باری اور بارش سے کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی متاثر ہوئی جس کے باعث رہائشیوں اور سیاحوں کو اہلخانہ سے رابطہ کرنے اور موسم کی صورتحال معلوم کرنے کے حوالے سے مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

کوئٹہ سمیت زیارت، پشین، مسلم باغ، کان مہترزئی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن، قلات، مستونگ، ٹوبہ اچکزئی اور دیگر علاقوں میں صبح سویرے سے برفباری اور بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔

تاہم گذشتہ روز پورے دن مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہا، کوئٹہ اور چمن کو ملانے والی شاہراہ درہ خوجک میں شدید برف باری سے کوئٹہ اور قندھار کے درمیان سڑک پر ٹریفک معطل ہوگئی۔

بارش اور برف باری کا سلسلہ مختلف علاقوں میں رات گئے تک جاری رہا۔

محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔