فوج کی بنیادی توجہ بلوچستان پر ہے – ترجمان پاک فوج

191

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے پاکستانی فوج کی توجہ بلوچستان پر ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور سیکیورٹی اداروں کی کوششیں اور قربانیاں رنگ لا رہی ہیں، پاکستان کی داخلی سلامتی کی صورت حال پہلے سے بہت بہتر ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اب سیکیورٹی فورسز کی بنیادی توجہ بلوچستان کی طرف ہے اور بلوچستان میں حکومتی ترقیاتی منصوبے فوج کی مدد سے جاری ہیں۔

افغانستان سے ملحقہ سرحد پر باڑ لگانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے سرحدی کنٹرول میں بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سرحدی باڑ لگنے سے دہشت گردی کے واقعات بتدریج کم ہوں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر تعمیر و ترقی اور بحالی کا کام جاری ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ آرمی چیف وزیراعظم کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شرکت کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف پینٹاگون کا دورہ اور امریکی ملٹری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔