بلوچستان : مختلف علاقوں سے 1 شخص لاپتہ، 2 بازیاب

204

مشکے سے فورسز کے ہاتھوں 1 شخص لاپتہ، تربت سے 2 افراد بازیاب

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق مشکے کے علاقے نوکجو سے گذشتہ روز فورسز نے گھر پر چھاپہ مار کر سراج ولد ستار کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پہ منتقل کردیا۔

دریں اثناء تربت سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ ہفتے فورسز کے ہاتھوں گرفتاری بعد لاپتہ ہونے والے دو افراد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق تربت کے علاقے ہوشاپ تل سے 20 اگست 2018 کو لاپتہ ہونے والے چاکر ولد دلداد سکنہ ہوشاپ تل اور 22 اگست 2018 کو ہوشاپ کے علاقے دمب سے لاپتہ ہونے والے سالم ولد علی بخش سکنہ دمب بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے درجنوں لاپتہ افراد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں اور ساتھ ہی اسی تیزی کے ساتھ بلوچستان کے طول و عرض سے مزید نوجوان، بزرگ اور خواتین کو گرفتار کرکے لاپتہ بھی کیا گیا ہے۔