فیفا ورلڈ کپ: کروشیا کو شکست دے کر فرانس فٹبال کا نیا عالمی چمپیئن بن گیا

296

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں فرانس نےکروشیا کو  2-4 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئنن کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

روس کے دارالحکومت ماسکو کے اسٹیڈیم میں آج فیفا کے فائنل میچ میں کروشیا کی ٹیم نے میچ کی ابتدا میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے فرانس کی ٹیم کو مکمل دباؤ میں رکھا، تاہم میچ کے 18ویں منٹ میں کروشیا کی ٹیم نے ایک فاؤل کیا جس پر فرانس کو ڈی سے باہر فری کک ملی اور گریزمین کی جانب سے ماری گئی اس فری کک پر ماریو مینڈزیوکچ کے سر سے گیند ٹکرا کر گول میں جا پہنچی اور فرانس نے میچ میں برتری حاصل کی۔

تاہم کروشیا کی ٹیم کو میچ برابر کرنے کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور 28ویں منٹ میں ایک شاندار موو کی بدولت گزشتہ میچ میں انگلینڈ کے خلاف گول کر کے مقابلہ برابر کرنے والے ایوان پیریسک نے گول کر کے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کے لیے مقابلہ برابر کردیا۔

البتہ کروشیا کی ٹیم کو جلد ہی اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کچھ دیر بعد گول سے چند قدم کے فاصلے پر گیند ان کے کھلاڑی کے ہاتھ سے لگی اور ریفری نے ویڈیو ٹیکنالوجی کی مدد سے فرانس کو پینالٹی ایوارڈ کردی جس پر گریزمین نے گول کردیا اور اسطرح میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک فرانس کو 1-2 کی برتری حاصل تھی۔

میچ کے 59ویں منٹ میں کروشیا کی دفاع کی کمزوری اس وقت کھل کر سامنے آئی جب کوئی بھی کھلاڑی پال پوگبا جیسے اسٹار کو کور نہ کر سکا اور انہوں نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی جس کے ساتھ ہی فرانس کی میچ میں برتری دگنی ہو گئی۔

چھ منٹ بعد ہی کروشیا کی عالمی کپ جیتنے کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب کائلیان ایمباپے نے گول اسکور کر کے فرانس کی برتری 1-4 کردی۔

میچ کے 69ویں منٹ میں فرانس کے کپتان اور گول کیپر لورس نے سنگین غلطی کی اور کروشین کھلاڑی نے ان کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو گول میں پہنچا دیا۔

کروشیا کی ٹیم نے خسارہ تو کم کردیا لیکن اس کے بعد وہ دوبارہ کھل کر حملہ نہ کر سکے جبکہ فرانس کی ٹیم نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور ان کو گول کرنے کے چند مزید مواقع بھی ملے تاہم وہ اسے گول میں تبدیل نہ کر سکے۔

جب ریفری نے میچ کے خاتمے کا اعلان کیا تو 4-2 کا اسکور فرانس کی فتح کے ساتھ ساتھ فٹبال کے نئے عالمی چیمپیئن کا اعلان کررہا تھا۔

فرانس کی ٹیم نے دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے جہاں اس سے قبل انہوں نے 1998 کے ورلڈ کپ فائنل میں برازیل کو شکست دے کر پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔