روس : جہاز میں آگ لگنے سے 41 مسافر ہلاک

328

انٹرفیکس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ جہاز کے پائلٹ نے اُڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہنگامی نوعیت کا سگنل دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے ویڈیو کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوخوئی سوپر جیٹ 100 جہاز کی ماسکو کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران اُس کا زیادہ تر پچھلا حصہ شعلوں کی لپیٹ میں تھا۔

روسی نیوز ایجنسی کے مطابق مرنے والوں میں دو بچے اور فلائٹ اٹینڈینٹ بھی شامل ہیں۔

جہاز کے زندہ بچ جانے والے 37 مسافروں کو ہنگامی سلائیڈز کے ذریعے اتار لیا گیا۔

ماسکو سے روس کے شمالی شہر مر مانسک جانے والے اس جہاز میں عملے کے علاوہ 78 مسافر سوار تھے۔ جہاز میں آگ لگنے کے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تحقیقات کاروں کے مطابق ابھی جہاز کے اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

فلائٹ ٹریکنگ سروس کے مطابق جہاز نے ہنگامی لینڈنگ سے قبل 45 منٹ تک ماسکو کے گرد دو مرتبہ چکر لگایا۔