کامران خان کی جبری گمشدگی کے خلاف ان کے اہل خانہ نے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کی فوری اور بحفاظت بازیابی اور گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عامر خان اور دیگر اہل خانہ نے بتایا کہ ان کے بھائی کامران خان ولد عزیز اللہ، قوم پرکانی، کو یکم اپریل 2026 کو کوئٹہ کے علاقے کلی کشمیر آباد سے ملکی اداروں کے اہلکاروں نے تفتیش کے بہانے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
انہوں نے کہا کہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود اہل خانہ کو کامران خان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت اور کرب کا شکار ہے۔
اہل خانہ کے مطابق کامران خان کا کیس وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے توسط سے کمیشن آف انکوائری آن انفورسڈ ڈس اپیئرنسز میں جمع کرایا گیا، جس پر کمیشن نے متعلقہ اداروں کو نوٹسز بھی جاری کیے، تاہم اس کے باوجود تاحال ان کی بازیابی کے لیے کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی اور نہ ہی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔
انہوں نے حکومت بلوچستان، اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ کامران خان کی فوری اور بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے، اہل خانہ کو ان کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں اور ان کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کامران خان پر کوئی الزام ہے تو انہیں آئین و قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ وہ اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کرسکیں۔
آخر میں اہل خانہ نے صحافیوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ کامران خان کی بازیابی کے لیے آواز بلند کریں اور اس مشکل وقت میں خاندان کا ساتھ دیں۔

















































