آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اقتاؤ میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ تاہم طیارے میں سوار 67 میں سے متعدد افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق قازقستان کی وزارتِ ہنگامی حالات نے تصدیق کی ہے کہ اقتاؤ شہر میں مسافر طیارہ گرا ہے اور جائے وقوعہ پر امدادی کام جاری ہیں۔
متاثر طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے شہر گروزنی جا رہا تھا جب کہ ایئر لائن کے مطابق طیارے میں 62 مسافر اور عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔
قازقستان کے حکام کے مطابق حادثے میں 27 مسافر زندہ بچ گئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم دیگر مسافروں کی حالت سے متعلق تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
آذربائیجان ایئرلائن کے مطابق مسافر پرواز جے ٹو-8243 باکو سے گروزنی کے لیے روانہ ہوئی تھی جسے اقتاؤ شہر سے تقریباً تین کلو میٹر دور ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔
روسی نیوز ایجنسی کے مطابق گروزنی شہر میں دھند کی وجہ سے مسافر طیارے نے اپنا رُخ تبدیل کر لیا تھا۔
قازقستانی حکام کا کہنا ہے کہ مسافر طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔