پاکستانی صوبے خیبرپختونخوا کے علاقے وزیرستان میں ماڑی پیٹرولیم کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ترجمان ماڑی پیٹرولیم نے بتایا کہ ایم آئی-8 ہیلی کاپٹر کو انجن فیل ہونےکی وجہ سے حادثہ پیش آیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق 6 افراد ہلاک اور 8 شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں 3 غیر ملکی پائلٹ سمیت 14 مسافر سوار تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر شیوا وزیرستان بلاک میں پرسنل ٹرانسپورٹیشن فراہم کررہا تھا، امدادی کاروائیاں جاری ہیں، زخمی ہونے والے افراد کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ماڑی پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر شمالی وزیرستان میں پرواز کے دوران ایک آئل فیلڈ کے قریب گرکرتباہ ہوا۔