ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت آسٹریلیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

56

‎آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے-

‎بھارت کے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 181 رنز بناسکی اور اسے 24 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ہار کے بعد کینگروز کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر کافی مشکل ہوگیا۔

‎آسٹریلوی ٹیم کو اب گروپ 1 میں بنگلادیش اور افغانستان کے میچ میں افغان ٹیم کی  شکست کا انتظار کرنا ہے۔

‎سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ آسٹریلیا اپنے تجربہ کار بولر مچل اسٹارک کو واپس لایا۔

بھارت کی جانب کپتان روہت شرماء نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 92 رنز بنائے جبکہ ویرات کوہلی زیرو پر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ رشبھ پنت 15، سوریا کمار یادیو 31 اور شیوم دوبے 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاردک پانڈیا 27اور جڈیجا 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

‎بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز اسکور کیے، آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوئنس اور مچل اسٹارک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔