تربت: کمشنر آفس کے سامنے جبری گمشدگیوں کیخلاف دھرنا ساتویں روز جاری

102

کیچ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کے لواحقین کے احتجاجی دھرنے کو آج سات دن مکمل ہوگئے۔

لواحقین نے عید کے روز سے اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے دھرنا دیا ہے جو تاحال جاری ہے جس میں لاپتہ مسلم عارف، فتح میار، جان محمد، سمیر بلوچ، میران بلوچ اور جہانزیب فضل کے خاندان شامل ہیں۔

لواحقین اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان اس سلسلے میں مذاکرات بھی ہوچکے ہیں لیکن مذاکرات ابھی تک سود مند ثابت نہیں ہوئے ہیں۔

لواحقین کے مطابق انکا مطالبہ یہی ہے کہ اگر انکے لاپتہ لوگ مجرم ہیں تو آئین و قانون کے حوالے کیے جائیں تاکہ وہ مطمئین ہوسکیں.

لواحقین نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا کہ وہ کل دھرنا گاہ سے ایک اہم پریس کانفرنس کرکے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔