ہوت آباد میں گھر پر حملہ، علاقے میں فوجی آپریشن جاری

263

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ہوت آباد میں گزشتہ رات نامعلوم افراد نے ایک گھر کو دستی بموں اور فائرنگ سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گھر میں موجود مویشیوں کو نقصان پہنچا اور متعدد بکریاں ہلاک ہو گئیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے گھر پر دو دستی بم پھینکے، جس کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آور سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ، جسے مقامی طور پر ’’ڈیتھ اسکواڈ‘‘ کہا جاتا ہے، کے کارندے تھے۔

دوسری جانب، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح سے مذکورہ علاقے میں فوجی آپریشن جاری ہے، جہاں بڑی تعداد میں فوجی اہلکاروں کی آمد و رفت دیکھی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں حیرآباد کے علاقے میں بھی اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ایک گھر کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ دونوں واقعات میں تاحال کسی انسانی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔