ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو سزا سنانے والے جج کی بلوچستان ہائی کورٹ میں ممکنہ تعیناتی کی منظوری

117

انسدادِ دہشت گردی عدالت کوئٹہ کے جج محمد علی مبین، جنہوں نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، کو بلوچستان ہائی کورٹ میں بطور جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایک اہم سرکاری ادارے نے اس حوالے سے صوبائی حکومت اور بلوچستان ہائی کورٹ کو ہدایت نامہ ارسال کیا، جس میں جج محمد علی مبین کو ہائی کورٹ میں ترقی دینے کی سفارش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے اس تجویز سے اتفاق کر لیا ہے۔

تاہم، اطلاعات کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ کے بعض سینئر ججز نے ایک نسبتاً جونیئر جج کی بطور جسٹس تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اس فیصلے سے متفق ہیں۔

ایک اور ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے محمد علی مبین سمیت چند دیگر ججز کی بطور جسٹس تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ایڈووکیٹ منیر کاکڑ بھی سوشل میڈیا پر یہ خدشہ ظاہر کر چکے ہیں کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ کو سزا سنانے کے بعد جج محمد علی مبین کو بلوچستان ہائی کورٹ میں بطور جسٹس تعینات کیا جا سکتا ہے۔

تاہم، اس حوالے سے متعلقہ اداروں یا بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی تصدیق یا اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔