وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6198ویں روز بھی جاری، جبری گمشدگیوں کے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ

27

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ تنظیم کے رہنما نیاز محمد کی سربراہی میں 6198ویں روز بھی جاری رہا۔

اس موقع پر بی ایس او کے سابق چیئرمین مہیم خان بلوچ، کامریڈ منظور بلوچ سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ شرکاء نے جبری گمشدگیوں، ماورائے قانون اقدامات اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس انسانی مسئلے کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر وی بی ایم پی کے رہنما نیاز محمد نے کہا کہ تنظیم کی طویل، پرامن اور جمہوری جدوجہد کا مقصد جبری گمشدگیوں کا مکمل خاتمہ اور لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگیاں انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کے منافی ہیں، اس لیے اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ بلوچوں کے ماورائے عدالت قتل کے سلسلے کا مکمل سدباب کیا جائے۔ جن افراد پر کسی قسم کے الزامات ہیں انہیں منظرِ عام پر لا کر عدالتوں میں پیش کیا جائے اور آئین و قانون کے مطابق انہیں قانونی دفاع اور منصفانہ سماعت کا حق فراہم کیا جائے۔