پنجگور: پروم میں پاکستانی فورسز کی سخت چیکنگ، متعدد افراد پر تشدد

0

پنجگور کے علاقے پروم میں پاکستانی فورسز کی جانب سے سخت چیکنگ اور ناکہ بندیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف مقامات میں خصوصاً موٹر سائیکل سواروں، کو تشدد اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پروم کے مختلف راستوں پر پاکستانی فورسز نے سخت چیکنگ پوائنٹس قائم کر رکھے ہیں جہاں دو یا دو سے زائد افراد کے موٹر سائیکل پر سوار ہونے کی صورت میں انہیں روک کر چیکنگ اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اسی دوران ایک نوجوان نور سلام ولد حاجی شہداد کو فورسز نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا۔ ذرائع کے مطابق نوجوان کو ایک چیک پوسٹ کے قریب سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا۔

اہلِ علاقہ کا دعویٰ ہے کہ انہیں فورسز کے ایک کیمپ میں منتقل کرکے تقریباً چار گھنٹے تک شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق بعد ازاں نوجوان کو رہا کر دیا گیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ چیکنگ کے دوران لوگوں کو بار بار روک کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور خاص طور پر نوجوانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر ایک سے زائد افراد کے سفر کو بنیاد بنا کر شہریوں کو حراست میں لیا جاتا ہے اور انہیں تشدد بھی کیا جاتا ہے۔