بلوچستان: 3 افراد جبری گمشدہ، ایک شخص بازیاب

8

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے مزید تین افراد کی جبری گمشدگی جبکہ ایک شخص کی بازیابی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے سید آباد کیلکور سے تعلق رکھنے والے نورالدین کریم ولد کریم بخش، جو لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (LUAWMS) اوتھل میں ڈی وی ایم کے طالبعلم ہیں، کو 14 اپریل 2026 کی شب تقریباً دو بجے کوئٹہ کے مسجد روڈ سے ایم آئی اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔

دوسری جانب ضلع خضدار کے علاقے نورگامہ زہری کے رہائشی 32 سالہ عمران ولد محمد بخش، جو پیشے کے لحاظ سے مزدور ہیں، 5 اکتوبر 2025 کو دوپہر دو بجے اپنے علاقے نورگامہ زہری سے پاکستانی فورسز اہلکاروں کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا نشانہ بنے۔

ادھر ضلع ہرنائی کے علاقے جلال آباد سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ میر چاکر مری ولد الٰہی بخش، جو پیشے سے درزی ہیں، کو 14 مئی 2026 کی رات گیارہ بجے ہرنائی مین بازار سے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔

دریں اثنا خضدار کے علاقے زہری سے تعلق رکھنے والے کمبیر خان ولد علی محمد، جنہیں 16 مئی 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، بازیاب ہوکر 19 مئی 2026 کو اسلام آباد سے اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔