کوئٹہ شہر میں راکٹ حملے، دھماکوں سے افراتفری

1

کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بدھ کی شام یکے بعد دیگرے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

حکام کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر متعدد راکٹ گرے ہیں۔

دھماکوں کی آوازیں شہر کے گنجان آباد علاقوں میں سنی گئیں جن میں گوالمنڈی چوک، میر احمد خان روڈ، نیو نجم الدین روڈ، سرکی روڈ، قمبرانی روڈ، شانتی نگر اور فقیر محمد روڈ شامل ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے زور دار دھماکوں کی آوازیں آئیں جس کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

ریسکیو اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق میر احمد خان روڈ پر ایک ٹرانسفارمر پر راکٹ لگنے سے زور دار دھماکہ ہوا، جبکہ فقیر محمد روڈ پر ایک گھر کی چھت کو جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

حکام کے مطابق واقعے کے بعد پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر عسکری اداروں نے مشترکہ طور پر مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور مشتبہ مقامات کی چیکنگ جاری ہے۔

شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ تمام متعلقہ یونٹس کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

مزید برآں قمبرانی روڈ سے دس جے قریب افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں تاہم اس حوالے سے تفصیلات آنا باقی ہے۔