مستونگ جھڑپوں میں ہیڈکانسٹیبل ہلاک، 6 اہلکار زخمی – حکام کی تصدیق

219

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت کمبیلا میں آج آپریشن کے دوران شدید جھڑپ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار کے ہلاک ہونے تصدیق حکام نے کردی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک اہلکار کی شناخت ہیڈکانسٹیبل رحمت اللہ خلجی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مزید چھ اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے دشت کے علاقے کمبیلا میں گھیراؤں کرکے آپریشن کا آغاز کیا تاہم آپریشن کے دوران مسلح افراد کی جانب سے فورسز کو شدید حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی فورسز نے پیش قدمی کی، مسلح افراد نے مختلف مقامات سے حملے شروع کر دیے، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ شدت اختیار کر گیا۔

اسی دوران دشت کنڈ مسوری کے مقام پر بھی مسلح افراد کی بڑی تعداد نے فورسز کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق علاقے میں کافی دیر تک شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔

دریں اثناء ڈغاری کے علاقے میں فورس کی گاڑیوں کو مسلح حملے میں نشانہ بنایا گیا۔