نادیدہ قوتیں دیکھ لیں کہ ہم نے عوامی طاقت کمایا جو ہماری فتح ہے – سمی دین

196

بلوچ نسل کشی کیخلاف جاری تحریک کے رہنماء اور وائس فار بلوچ مسسنگ پرسنز کے جنرل سیکریٹری سمی دین بلوچ نے اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے پر سریاب روڈ پہ ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن کو لگتا ہے کہ اسلام آباد سے بلوچستان واپس آنا ہماری شکست یا مایوسی ہے وہ اپنی آنکھوں کھول کر دیکھ لیں، ہمارے لوگوں نے ہمیں جو غیر مشروط عزت اور احترام دیا ہم انکے انتہائی مشکور ہیں ہم ان نادیدہ قوتوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نے یہ کمایا ہے یہ عوامی طاقت ہماری فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوامی طاقت سے ریاستی تشدد اور بلوچ کش پالیسیوں کا مقابلہ کریں گے اور عوامی طاقت سے ہی اپنے پیاروں کو بازیاب کروائیں گے۔

سمی دین بلوچ نے کہا کہ “ہم خالی ہاتھ اسلام آباد سے بلوچستان نہیں لوٹے ہیں بلکہ اس ریاست کی ظلم اور بربریت کی داستانیں لیکر آئے ہیں، یہ عوامی اجتماع تمہاری ریاستی دہشت گردی اور بربریت کے خلاف نکلا ہے۔ ہماری جدوجہد اسلام آباد میں ختم نہیں ہوئی ہے یہ جدوجہد اب نئی رنگ میں شروع ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 جنوری کو ہم اس سے بھی بڑی تعداد میں نکلنے کی امید کرتے ہیں، جس طرح بلوچ عوام اس تحریک کے ساتھ جڑتے جائیں گے وہ دن دور نہیں جب ہم ریاستی زندان سے اپنے لوگوں کو چھڑانے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے آخر میں پشتون اور ہزارہ برادری کا بھی شکریہ ادا کیا جو اس جدوجہد میں ہم قدم رہے ہیں۔