اورماڑہ: ایجوکیشن کمپلیکس کی اراضی پر قبضے کیخلاف طلبا کا احتجاج

106

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے تحصیل اورماڑہ میں ایجوکیشن کمپلیکس و گورنمنٹ گرلز انٹر کالج کے اراضی پر لینڈ مافیا کے قبضے کے خلاف طلبا کی جانب سے بوائز انٹر کالج اورماڑہ سے ریلی نکالی گئی۔ ہم شعور بچانے نکلے ہیں آئے ہمارے ساتھ چلو کے بلند نعروں کے ساتھ ریلی شہر کے مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے تحصیل دار آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی۔

احتجاجی مظاہرے سے طلبا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایجوکیشن کمپلیکس کے اراضی پر مافیا کی جانب سے قبضہ تعلیم دشمن عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن کمپلیکس کے لیئے 50 ایکڑ زمین مختص کر دی گئی تھی جبکہ قبضہ مافیا نے مذکورہ اراضی پر قبضہ کر کے ایجوکیشن کمپلیکس کے لیئے محض چند سو فٹ زمین ہی باقی چھوڑ دی ہے جو انتہائی افسوس ناک عمل ہے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے طلبا نے تحصیل دار اورماڑہ، ڈی سی گوادر سمیت اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایجوکیشن کمپلیکس کے مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو فوری حل نہ کیا گیا تو ہم تعلیم بچانے کے لیئے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد لے کر مکران کوسٹل ہائی وے کو احتجاجاً بند کر دیں گے۔