دالبندین: روڈ حادثے میں پرتگالی سیاح ہلاک

317

چاغی ضلع کے علاقے دالبندین کے قریب روڈ حادثے کے نتیجے میں پرتگالی سیاح ہلاک ہوگیا۔

بلوچستان کے ضلع چاغی میں دالبندین کے قریب المناک حادثے میں ایک پرتگالی سیاح ہلاک ہوگیا۔ سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کو تفتان سے ملانے والی آر سی ڈی شاہراہ  (N-40) پر ایرانی ساختہ زمیاد گاڑی کی زد میں آکر مونو میگوئل ولاؤ کاسٹانہیرا نامی پرتگالی سیاح ایک سڑک حادثے میں جان کی بازی ہار گیا۔

اطلاعات کے مطابق 28 سالہ متوفی سیاح کے پاس پاسپورٹ نمبر CD233459 تھا اور وہ سیاحتی ویزے پر تھا۔ تفتان سے کوئٹہ کے راستے سفر کے دوران ان کے ساتھ دو جرمن شہری ٹونی پینکراز لنڈر اور نکولس لینگ بھی تھے، جو موٹر سائیکل پر سفر کررہے تھے جبکہ لیویز فورس انکی حفاظت پر مامور تھی۔ حادثے میں گاڑی ڈرائیور اور کلینر بھی زخمی ہوگئے۔

حادثے کے بعد حکام نے فوری طور پر مونو میگوئل ویلاؤ کاسٹانہیرا کو فوری طور پر دالبندین کے پرنس فہد اسپتال منتقل کیا تاہم طبی کوششوں کے باوجود اسپتال کے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا جبکہ زخمی ڈرائیور اور کلینر کو طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں انہیں لیویز فورس نے تفتیش کے لیے گرفتار کرلیا۔

سرکاری ذرائع نے یکم اور 2 اگست 2023 کو تفتان میں پی آئی بی، ایف آئی اے گیٹ کے ذریعے سیاحوں کے پاکستان میں داخلے کی تصدیق کی ہے۔ حکام حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔