لہڑی میں بارش سے بجلی کے پول اور کئی درخت زمین بوس

296

تحصیل لہڑی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، متعدد بجلی کے پول زمین بوس، درخت گر گئے، نکاسی آب نہ ہونے کے باعث گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

گزشتہ شب تحصیل لہڑی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ طوفانی بارشوں کے باعث بختیار آباد اور تریہڑ میں درجن کے نزدیک بجلی کے پول زمین بوس ہوگئے جبکہ سولنگی محلے کا ٹرانسفارمر نیچے گرگیا۔

جس سے تحصیل لہڑی کی بجلی گزشتہ رات سے بند ہے اور تاحال بجلی بحال نہ ہوسکی۔ طوفانی بارشوں کے باعث نکاسی آب کا سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے بختیار آباد کے دو محلوں چاچڑ محلہ اور سیال محلہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے اہل محلہ شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ طوفانی بارش میں اپنی مدد آپ لوگ اپنے گھروں سے پانی نکالتے رہے۔ طوفانی بارشوں کے باعث گلیاں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔ راہ چلتے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

اہلیان بختیار آباد نے کہا ہے کہ مون سون کی پہلی بارش نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ بارش کا پانی گلیوں میں کھڑا ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بچے ، خواتین اور ضعیف افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ سیال محلہ کے مکینوں نے ڈپٹی کمشنر سبی منصور احمد قاضی، اسسٹنٹ کمشنر بختیارآباد ہدایت اللہ چندڑ سمیت حکام بالا سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلیوں سے بارش کا پانی پمپنگ کے ذریعے نکالا جائے تاکہ گھروں میں محصور افراد کو ریلیف مل سکے۔