بلوچستان: مختلف واقعات میں 8 افراد جانبحق، تین زخمی

122
File Photo

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے فائرنگ و دیگر واقعات میں مجموعی طور پر چھ افراد جانبحق، تین زخمی جبکہ دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں-

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے پشین میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہیں-

فائرنگ کا واقعہ پشین کلی کربلا بائی پاس کے قریب پیش آیا واقعہ سابق ایم پی اے سید لیاقت آغا اور سید عبدالرب آغا کے بیٹوں کے درمیان ذاتی ربخش پر پیش آیا ہے-

دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی منگولی تھانہ کی حدود گوٹھ میراں بخش چنجنی میں زمین کے تنازعہ پر چنجنی قبائل کے مابین تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے محمد بلال چنجنی گولیاں لگنے سے موقع پر ہلاک جبکہ اس کا بھائی غلام حیدر چنجنی شدید زخمی ہوگیا-

اطلاع ملنے پر منگولی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے لاش اور زخمی کو سیول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی پہنچادیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کرکے مزید کاروائی شروع کردی ہے۔

ادھر بلوچستان کے ضلع قلات میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریکٹر اور کار گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں کار سوار دو افراد زخمی ہوگئے واقعہ کے بعد ٹریکٹر کا ڈرائیور فرار، زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے-

بلوچستان کے ضلع پشین سے اطلاعات کے مطابق پشین لیویز انتظامیہ کو بوستان سے کمسن بچے کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جس کی شناخت حافظ محمد عباس ولد صلاح الدین کے نام ہوئی جو بوستان ریگئی کے ایک مدرسے کا طالب علم ہے۔

پولیس نے لاش تحویل میں لیکر مزید کاروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے-

دوسری جانب بلوچستان میں جاری شدید بارشوں سے مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ مکینوں کو جانی نقصانات کا سلسلہ بھی جاری ہے پنجگور میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک شخص جانبحق جبکہ بارشوں کے باعث آسمانی بجلی گرنے سے بھی ایک اور شخص کی موت ہوئی ہے-

دریں اثناء کیچ کے علاقے تمپ میں سیلابی ریلے سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے شناخت کے لئے تربت منتقل کردیا گیا ہے-