انٹر میلان 13 برس بعد چیمپئنز لیگ فٹ بال کے فائنل میں پہنچ گیا

100

سیمی فائنل میں انٹر میلان نے اے سی میلان کو شکست دے کر 13 برس بعد چیمپئنز لیگ فٹ بال کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

میلان کے سین سرو اسٹیڈیم میں انٹر میلان نے اے سی میلان کے خلاف سیمی فائنل کا دوسرا لیگ دو صفر کی برتری سے شروع کیا، ابتدائی منٹوں میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے کیے مگر کامیابی کسی کو نہ مل سکی۔

اے سی میلان کا پلڑا نسبتاً بھاری رہا لیکن پہلا ہاف بغیر گول کے ختم ہوا، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کے گول پر حملہ آور ہوئے مگر اُن کی یہ کوششیں بے سود رہیں۔

کھیل کے 74ویں منٹ میں انٹر میلان نے موو بنایا جس پر لوکاکو نے مارٹینز کو پاس دیا جنہوں نے گیند کو جال میں پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔

میچ ایک صفر سے انٹر میلان کی جیت پر ختم ہوا جس نے سیمی فائنل کے دونوں لیگ میں تین صفر کی برتری کے ساتھ چیمپئنز لیگ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

ریال میڈرڈ اور مانچسٹر سٹی کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کا دوسرا میچ آج کھیلاجائے گا جس کی فاتح ٹیم فیصلہ کن معرکے میں انٹر میلان کے خلاف 10 جون کو مدمقابل آئے گی۔