کوئٹہ، مستونگ: گیس پریشر کمی کے خلاف احتجاج

210

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گیس پریشر میں کمی کے خلاف نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کی جانب پشکرم کے مقام پر ٹائر جلا کر روڈ کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بلاک کردیا گیا ۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء و سابق سٹی ناظم میر سکندر خان ملازئی بی بی ایس او پجار کے صوبائی صدر بابل ملک بلوچ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔

مظاہرین نے کہا کہ 21 مارچ کو گیس مرمت کے نام پر گیس بند کیا گیا اسکے بعد سے مستونگ شہر اور گردونواح میں گیس پریشر بلکل بند ہے جسکی وجہ سے اس ماہ رمضان المبارک میں روزہ داروں، خواتین کو سحری و افطاری میں کھانا پکانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ خواتین کی جانب سے کل بروز اتوار بھی قومی شاہراہ کو بلاک کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دریں اثنا بلوچستون کے مرکزی شہر کوئٹہ گیس پریشر میں کمی کیخلاف شہریوں کا احتجاج، قمبرانی اور سریاب روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گیس پریشرمیں کمی کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، قمبرانی روڈ اور سریاب روڈ کے مکینوں نے ناشناس کالونی اور بادینی کراس کے مقامات پر ٹائر جلاکر احتجاجاً شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کرکے دھرنا دیا۔

مظاہرین نے کہا کہ گیس پریشر نہ ہونے اور بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کو اور خاص طور پر سحر و افطار کے وقت خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کی جانب سے گیس پریشر میں کمی دور کرکے گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آرہی جس کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،

مظاہرین نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے وقت گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

درایں اثنا سرکی روڈ ، جان محمد روڈ ، اسٹیورٹ روڈ ، وحدت کالونی ، جناح ٹائون ، پشتون آباد ، نواں کلی ، سریاب ، سبزل روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا سلسلہ جمعہ کو بھی بدستور جاری رہا ۔