پاکستان کے سابق وزیراعظم کو گرفتار کرنے کے لئے فورسز کا آپریشن جاری

276

پاکستان کے سابق وزیر اعظم کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس میں گرفتاری کیلئے زمان پارک میں پولیس کا آپریشن جاری ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پیر کو توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم حاضری پر سابق وزیراعظم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے پولیس کو سابق وزیراعظم کو گرفتار کرکے 18 مارچ تک عدالت میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔عدالت کی جانب سے جاری کردہ ’وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد‘ کے لیے آپریشن منگل کی دوپہر کو شروع ہوا تھا جب پولیس اہلکار بکتر بند گاڑی میں عمران خان کی رہائش گاہ کی جانب روانہ ہوئے۔

پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹرکینن کا استعمال کیا جارہا ہے، تاہم پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سخت مزاحمت جاری ہے۔

کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراﺅ کیا جارہاہے، جبکہ پولیس کی جانب سے کارکنوں پر ربڑکی گولیاں برسائی جا رہی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے توشہ خانہ کیس کے سلسلے میں سابق وزیراعظم کو آج علی الصبح گرفتار کرنے کی تازہ کوشش کی لیکن انہیں پی ٹی آئی کے حامیوں نے ناکام بنا دیا اور سیکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔

پاکستانی ٹیلی ویژن چینلوں پر چلنے والی فوٹیج میں زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں کو آگ لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

دوسری جانب عمران خان نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’گرفتاری‘ کا دعویٰ محض ایک ڈرامہ تھاجبکہ اصل نیت اغوا اور قتل کی ہے۔