آرمینیا اور آذربائیجان کی سرحد پر فوجی تصادم، کم از کم پانچ اہلکار ہلاک

173

اتوار کے روز آرمینیا اور آذربائیجان کی سرحد پر فوجی تصادم میں کم از کم پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے۔

دونوں ملکوں کے حکام نے اس فائرنگ کے لیے ایک دوسرے کو مورد الزام ٹہرایا ہے۔

آرمینیا کا کہنا ہے کہ اس سرحدی تنازعے میں تصادم کے دوران کم از کم تین پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے جب کہ آذربائیجان کا کہنا ہے کہ اس کے دو فوجی مارے گئے۔

آذربائیجان کے وزارت خارجہ نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فوجیوں نے مبینہ طور پر ہتھیار لے جانے والی مشتبہ گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی۔

آرمینیا کا کہنا ہے کہ آذربائیجان کی مسلح فورسز نے ان کے پاسپورٹ اور ویزے کے محکمے کی ایک کار پر فائرنگ شروع کر دی تھی۔

سابق سوویت یونین کی یہ دونوں ریاستیں اس پہاڑی خطے پر اپنا اپنا دعویٰ کرتی ہیں اور اس کے لیے کئی دہائیوں سے ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔

سن 2020 میں اس تنازعے کی وجہ سے دونوں ممالک میں باقاعدہ جنگ بھی ہو چکی ہے۔

آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان لڑائی میں چھ ہزار سے زائد جانیں ضائع ہونے کے بعد سن 2020 کے اواخر میں روس کی ثالثی میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک امن معاہدہ طے پایا تھا۔

تاہم اس معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد بھی فریقین کے مابین اب تک کئی مرتبہ جھڑپیں ہو چکی ہیں۔