خضدار: طلباء کیلئے ‘داخلہ و اسکالرشپس’ آگاہی تقریب

310

خضدار میں سیو اسٹوڈنٹس فیوچر کی سالانہ آگاہی تقریب بعنوان “داخلہ و اسکالرشپس” منعقد ہوئی، جس میں اساتذہ، تعلیم دوست شخصیات سمیت طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں بلوچ سماج بالخصوص نوجوان طبقہ میں بے چینی، ذہنی دباؤ و خودکشی کے بڑھتے واقعات اور انکے حل، سائیکالوجیکل کیریئر کاؤنسلنگ، جامعات و کالجوں کی داخلہ پالیسی، داخلہ طریقہ کار، جدید ہنر مند کورسسز کی اہمیت و افادیت، مختلف شعبوں کی اہمیت و ضرورت اور بلوچستان کے طلبہ کے لئے مختص اسکالرشپس و اس تناظر میں میں تنظیم کے مثبت کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

تقریب میں اسٹیج کے فرائض سینٹرل کمیٹی ممبر محسن بلوچ اور انعام بلوچ نے سرانجام دیئے، جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت تنظیم کی رکن بانک یاسمین بلوچ نے حاصل کی۔

تقریب سے سابقہ چیئرمین فضل بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس ایف واحد پلیٹ فارم ہے جو طلبہ کے مفادات کے لئے مخصوص ہے اور اپنی نوعیت کی یہ پہلی تنظیم ہے جو دل و جان سے ایجوکیشنل گراؤنڈ پر سرگرم عمل ہے جس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے دوسرے پلیٹ فارمز بھی تنظیمی موقف کی تقلید کر رہے ہیں۔

سابقہ وائس چیئرمین نعمان بلوچ نے طلبہ طبقے میں بڑھتے ہوئے بے چینی، ذہنی دباو اور خودکشی کے واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کیریئر کاؤنسلنگ نہ ہونے، مختلف شعبوں، داخلہ پالیسی کے بارے میں ناکافی آگاہی، معاشی پسماندگی و دیگر وجوہات کی بناء پر طلباء و طالبات نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہوکر خودکشی جیسے قدم اٹھاتے ہیں، ایس ایس ایف طلبہ کو ان مشکلات سے نکالنے اور آگاہی دینے پر اپنی مدد آپ عملاً کوشاں ہے، والدین اور اساتذہ سے بھی درخواست ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرکے طلبہ کو نفسیاتی دباو کا شکار ہونے سے بچاکر ایک بہتر معاشرے کی تکمیل میں تنظیم کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں۔

جنرل سیکریٹری شمس بلوچ نے تعلیم کی اہمیت پر سر بکھیرے جبکہ تقریب سے ایم فل اسکالر ڈاکٹر ادریس بلوچ نے سائیکالوجیکل کیریئر کاؤنسلنگ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ مختلف وجوہات کی بناء پر اپنے مسقبل کے چناؤ کے سلسلے میں کافی مشکلات کا شکار ہوکر نفسیاتی طور پر مفلوج ہوجاتے ہیں۔

تقریب میں پینلسٹس جنرل سیکریٹری شمس بلوچ، ایجوکیشنل سیکریٹری سلیم بلوچ اور ترجمان شفیع بلوچ شامل تھے جبکہ ماڈریٹر کے فرائض سابقہ ڈپٹی جنرل سیکریٹری فیاض بلوچ نے سرانجام دیئے، پینلسٹس نے طلبہ طبقے کے لیے تنظیم کی ضرورت اہمیت و افادیت، تنظیم کی جدید لائبریری کے فوائد، غیر نصابی و فنی علوم کی اہمیت اور دیگر موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی۔

داخلہ و اسکالرشپس، جدید ہنر مند کورسسز، مختلف شعبوں بشمول میڈیکل سائنسز، انجینئرنگ سائنسز، سوشل سائنسز ، لاء، مختلف ڈپلومہ اور ڈیجیٹل کورسسز کے حوالے سے تنظیم کے رکن آصف بلوچ، بانک کائنات بلوچ، سابقہ وائس چیئرمین نعمان بلوچ اور تقریب سیکریٹری عرفان بلوچ نے تفصیلاً طلبہ و طالبات کو آگاہی فراہم کی۔

آخر میں تنظیم کے چیئرمین نعیم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس ایف اپنی مدد آپ طلباء و طالبات کو علمی حوالے سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ جامعات و کالجوں کی داخلہ پالیسی، اسکالرشپس کے حصول، جدید ہنرمند کوسسز، فنی و غیر نصابی علوم اور کتابی کلچر کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر تنظیم کی جانب سے مہمانوں اور تنظیمی کارکنان میں اعزازی تحائف کے طور پر کتابیں پیش کی گئی اور طلباء و طالبات کے سوالوں کے جوابات دینے کے علاوہ ان کو یقین دہانی کی گئی کہ وہ کسی بھی وقت علمی حوالے سے رہنمائی کے سلسلے میں تنظیمی نمائندوں کی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔