کیچ: لاپتہ پیاروں کی بازیابی کے لئے لواحقین کا دھرنا

731

تربت علاقے ھوشاپ کے مکینوں نے اپنے لاپتہ پیاروں کی عدم بازیابی و منظر عام پر نا لانے کے خلاف احتجاجاً دھرنا دیکر سی پیک روٹ روڈ ٹریفک کے لئے معطل کردیا۔

ھوشاپ مظاہرین نے ایک ماہ قبل ھوشاپ سے فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے شکار ناصر ولد دوستین، مراد بخش ولد عبدالرحمان، پسن ولد چارشمبے کی باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کے مطابق انکے پیاروں کو ایک ماہ گزرنے کے باوجود منظر عام پر نہیں لایا جارہا اور نہ ان کا جرم ہمیں بتایا گیا-

ھوشاپ سی پیک روٹ پر دھرنے کے باعث دونوں جانب سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جبکہ ھوشاپ سے لاپتہ افراد کے لواحقین نے اس سے قبل بھی اپنے پیاروں کی باحفاظت بازیابی کے لئے سی پیک روٹ پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا تھا-

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی پارٹیاں اور صوبائی حکام انکے پیاروں کی باحفاظت بازیابی اور منظر عام پر لانے میں کردار ادا کریں-