بلیدہ نوجوان قتل واقعہ: قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف لواحقین کا احتجاج

189

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلیدہ زامران کے مکینوں نے گذشتہ روز سراج صالح کے قتل و قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا-

بیلدہ زامران کے رہائشیوں نے بلیدہ میں قتل ہونے والے سراج صالح کے لواحقین کے ہمراہ ایک احتجاجی ریلی نکالی جبکہ مظاہرین نے مقامی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی-

یاد رہے چند روز قبل بلیدہ کوچک میں پاکستانی فوج کے ایک سابق اہلکار نے سراج بلوچ ولد صالح کو اسکے گھر میں گھس کر قتل کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر قتل کا اعتراف کیا تھا –

واقعہ کے بعد سوشل میڈیا میں اس مسئلے پر شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے کاروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا تھا-

واقعہ میں قتل ہونے والے سراج صالح کے لواحقین کے مطابق بلیدہ انتظامیہ اصل قاتل حنیف ولد حاجی حسن کو گرفتار کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ملزم کی عدم گرفتاری کے خلاف مقتول کے لواحقین سمیت سول سوسائٹی کے جانب سے بیلدہ تھانے کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے ڈی سی تربت اے سی بلیدہ کو قاتل کی فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے-