گوادر دھرنے کی حمایت میں مکران بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال

296

بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں “گوادر کو حق دو تحریک” کا اپنے مطالبات کی حق میں دھرنا آج گیارہویں روز میں جاری ہے – جبکہ دھرنے کی حمایت میں مکران کے تینوں اضلاع میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے –

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے گوادر، کیچ اور پنجگور میں شٹرڈاون ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکز، بینک اور ادارے مکمل طور پر بند ہیں –

انجمن تاجران نے مکران کے تینوں اضلاع میں رضاکارانہ طور پر کاروباری سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے گوادر میں جاری دھرنے کی حمایت کیا ہے –

انجمن تاجران کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ گوادر میں جاری دھرنے کے تمام مطالبات جائز ہیں انہیں فوری طور پر تسلیم کرکے لوگوں کو انصاف فراہم کیا جائے –

انکا کہنا تھا کہ ماہیگر اپنے سمندر کو غیر قانونی ٹرالرنگ سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں اور سرحد پر لوگوں کو آزادانہ کاروبار کی اجازت کوئی غیر قانونی مطالبہ نہیں ہے –

انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کے بنیادی حقوق اور ضروریات کو حکومت تسیلم کرے –

دوسری جانب ساحلی شہر گوادر میں مکران کے دیگر علاقوں سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مکاتب فکر کے لوگ دھرنے میں آکر اظہار یکجہتی کررہے ہیں –