کیچ: زیر حراست تشدد سے جانبحق گہرام بلوچ کی لواحقین کو ہراساں کیا جارہا ہے – آل پارٹیز کیچ

131

آل پارٹیز کیچ کے ترجمان نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ چند مہینے قبل دوران سیکیورٹی فورسز کے حراست میں تشدد کے نتیجے میں جانبحق ہونے والے کونشقلات تمپ کے رہائشی گہرام بلوچ کے لواحقین کو تنگ و پریشان کیا جارہا ہے –

آل پارٹیز نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکار گہرام بلوچ کے لواحقین پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ تحریری بیان لکھ کر دیں کہ انکی موت زیر حراست تشدد کے نتیجے میں نہیں بلکہ خالصتاً طبعی موت سے ہوئی ہے –

ترجمان نے کہا کہ حکومتی اداروں کی جانب سے پرامن شہریوں اور شہداء کے لواحقین کو تنگ و پریشان کرنے کا سلسلہ جاری ہے جو کہ قابل افسوس و قابل مذمت عمل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال اگر اسی طرح رہی تو خدشہ ہے کہ حالات روز بروز ابتر ہوجائیں گے جسکی مکمل ذمہ داری حکومت اور انکے اداروں پر عائد ہوگی –

آخر میں انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کیچ اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اگر غیر قانونی طریقے سے عوام کو تنگ و پریشان کیا گیا تو آل پارٹیز کیچ احتجاج کرے گی۔