چین میں دھماکہ سینکڑوں افراد ہلاک و زخمی

316

چین کے وسطی صوبہ ہوبےکے رہائشی علاقے میں گیس پائپ لائن دھماکے میں کم سے کم 12 افراد ہلاک جب کہ 150 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق چین کے شہر شیان میں گیس پائپ لائن میں دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگ عمارت کے نیچے موجود فوڈ مارکیٹ میں خریداری کےلیے موجود تھے، دھماکے کی شدت سے فوڈ مارکیٹ کی عمارت تباہ ہوگئی۔

دھماکے کے بعد 150 افراد کو متاثرہ علاقے سے نکال لیا گیا ہے جس میں سے 37 افراد شدید زخمی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریسکیو کی کوششیں جاری ہیں جبکہ دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق جس دو منزلہ بلڈنگ میں گیس دھماکہ ہوا وہاں ایک سال قبل فیکٹری قائم تھی تاہم اس فیکٹری کو کسی دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا تھا لیکن فیکٹری میں گیس کے بوسیدہ پائپ تبدیل نہ ہونے سے خوفناک حادثہ پیش آ گیا ۔

جائے حادثہ کی جگہ پر بڑی تعداد میں ناشتے کی دوکانیں اور سبزی منڈی قائم ہونے کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے اور  رہائشی کمیونٹی ہونے کے باعث بڑی تعداد میں لوگ جائے حادثہ پر پھنس گئے ہیں ۔

سرکاری حکام کے مطابق  امدادی کاروائیوں کا سلسلہ  جاری ہونے کے باعث ہلاکتوں کی اصل تعداد کی تصدیق ابھی نہیں کی جا رہی ،سرکاری حکام کے مطابق  دو ہزار کے قریب ریسکیو  ورکر جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ انتظامیہ نے مزید کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچنے کے لئے پورے رہائشی ایریا کو خالی کرا لیا ہے ۔