کوئٹہ: دھرنا ملازمین نمائندوں کی وزیر تعلیم سے ملاقات، دھرنا جاری رہے گا

276

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں گرینڈ الائنس کے زیر اہتمام اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا 9 ویں روز جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم یار محمد رند کی مثبت یقین دہانی پر گرینڈ الائنس کے عہدیداروں نے آج کا ریلی ملتوی کر دی تھی۔

دھرنا ملازمین نے کہا کہ وزیر تعلیم نے جو یقین دہانی کرائی امید ہے کہ وہ ہمارے مطالبات وزیراعلیٰ تک پہنچانے میں ہماری مدد کرے گی نہ ہونے کی صورت میں دھرنا جاری اور احتجاج میں مزید وسعت لائیں گے۔

گرینڈ الائنس کے رہنماؤں عبدالمالک کاکڑ، حاجی حبیب الرحمن مردانزئی، داد محمد بلوچ اور دیگر نے ہاکی چوک پر منعقدہ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دھرنا 9ویں روز میں داخل ہوچکا ہے ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ واضح اور حقیقت پر مبنی ہے جب تک وزیراعلیٰ بلوچستان بااختیار کمیٹی بنا کر ہمارے پاس نہیں بھیجیں گے اور مطالبات تسلیم نہیں کرتے احتجاج جاری رکھیں گے-

انہوں نے کہا کہ اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم احتجاج کو ختم کرکے گھر چلے جائیں گے حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ سمیت دیگر آپشن استعمال کریں گے جس کی ذمہ دار صوبائی حکومت اور خاص کر وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔

دریں اثناء گرینڈ الائنس کے وفد نے صوبائی وزیر تعلیم سرداریار محمد رند کی خواہش پر ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دھرنے اور دیگر تعلیمی حوالے سے تبادلہ خیالہ کیا گیا-

وزیر تعلیم نے گرینڈ الائنس کے عہدیداروں کو ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ آپ لوگوں کے مطالبات حق پر مبنی ہے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سے بات کی اور دوبارہ بھی بات کروں گا ہم آپ کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں اور جو سلسلہ شروع کیا ہے اس میں ہم آپ سے یہ گزارش کرتے ہیں کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کریں اس دوران گرینڈ الائنس کے عہدیداروں نے وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مثبت یقین دہانی پر خیر سگالی کے طور پر آج ہم آپ کی وجہ سے ریلی نہیں نکالیں گے-

تاہم دھرنا بدستور جاری رہے گا جس پر وزیر تعلیم نے گرینڈ الائنس کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آگے بھی جا کر جلد معاملہ حل کریں گے۔