کرونا وائرس کے پیش نظر بلوچستان یونیورسٹی بند، امتحانات ملتوی

118

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں واقع یونیورسٹی آف بلوچستان کو کرونا وائرس کے پیش نظر بند کر دیا گیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام امتحانات 15 جون تک ملتوی کیا گیا ہے۔ جبکہ یونیورسٹی ہاسٹل میں مقیم طلباء کو 30 اپریل تک ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایات بھی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر گذشتہ دنوں لسبیلہ یونیورسٹی سمیت کئی تعلیمی اداروں کو عیدالفطر تک بند کیا گیا ہے۔

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک حکم نامے کے مطابق نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر حکومت پاکستان اسلام آباد کوویڈ 19 کی تیسری خطرناک لہر کے تدارک کے سلسلے میں ضلع کوئٹہ کیلئے ہدایات جاری کی جاتی ہے کہ ہفتے میں دو یوم جمعرات اور جمعہ کوتمام کاروباری مکمل طور پر بند ہوں گے جبکہ پٹرول پمپس، میڈیکل اسٹورز، ویکیسیشن سینٹرز، فروٹ و سبزی، پولٹری، بیکری، دودھ دہی اور تندور وغیرہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔

ہدایت نامے کے مطابق تمام دکانیں شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک بند رہیں گی۔ تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس چائے خانے اور جوس شاپس صرف اور صرف پارسل ٹیک اوے کی خدمات فراہم کریں گے کسی بھی ہوٹل، ریسٹورنٹ، چانے خانے اور جوس شاپس کے اندر اور باہر لوگوں کو بیٹھے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام جم خانہ جات وغیرہ بند رہیں گے تمام دکاندار ماسک کے استعمال اور خریداروں میں چھ فٹ کے فاصلہ کو یقینی بنائیں گے۔ شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک حمام، ہیئر ڈریسرز اور ٹیلرز شاپ بھی بند رہیں گے ان ہدایات پر تاحکم ثانی عملدرآمد کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

کروناوائرس کے پیش نظر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوچکا ہے۔