کاہان: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں 5 افراد لاپتہ، گھر نذر آتش

437
File Photo

بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے کاہان اور ضلع سبی سے پاکستانی فورسز نے پانچ افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ کاہان کے علاقے گیشترانی میں پاکستانی فورسز نے 23 فروری کو دوران آپریشن تین افراد کیرو ولد شاہ میر مری، دینلی ولد شاہ میر مری، باغلی ولد کشو مری کو حراست میں لینے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ جبکہ کاہان ہی کے رہائشی گل بہار اور ان کے بیٹے انگلی کو سبی سے پاکستانی خفیہ اداروں اور فورسز کے اہلکاروں نے حراست میں لیا جس کے بعد ان کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں مل سکی۔

اطلاعات کے مطابق فورسز اہلکاروں نے لاپتہ کیے جانیوالے کیرو مری کے گھر کو بھی نذر آتش کردیا ہے۔ جبکہ گرفتاری بعد لاپتہ کیے جانیوالے افراد کی تعداد زیادہ بتائی جاتی ہے جن کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

خیال رہے آج بھی مذکورہ علاقوں سے متصل بمبور کے علاقے میں فوجی آپریشن کی جارہی ہے جس میں گن شپ ہیلی کاپٹروں سمیت جاسوس طیارے حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے مواصلاتی نظام کی بندش کے باعث مذکورہ علاقوں میں بروقت خبروں تک رسائی ممکن نہیں۔